
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور وکیل سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکپسریس نیوز‘‘ کے مطابق لانڈھی کے علاقے لالہ آباد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش چھیپا رضاکاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کو سینے پر گولی لگی تھی۔ اسپتال میں اس کی شناخت 30 سالہ مدثر کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے درمیان واقعے کی حدود کے حوالے سے اختلاف سامنے آیا۔ قائد آباد، لانڈھی اور ابراہیم حیدری تھانے کے حکام سے رابطے پر مختلف مؤقف سامنے آئے، تاہم رات گئے تک متعلقہ حدود کے تعین کے حوالے سے ابہام برقرار تھا۔
