
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے ڈیلی ویجز ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے اہل ملازمین کو مستقل ورکرز کا قانونی درجہ دے دیا، جبکہ پنجاب کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز میں کام کرنے والے اہل ڈیلی ویجز، ورک چارجڈ اور کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین کو مستقل نہ کرنے سے متعلق پنجاب حکومت کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیکر کالعدم قرار دیدیا۔
دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے محمد بلال رضا و دیگر کی درخواستوں سمیت ملازمین کی 26 آئینی درخواستوں پر 26 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، جسٹس خالد اسحاق نے فیصلے میں لکھا کہ مستقل نوعیت کے کام پر مسلسل نو ماہ سے زائد خدمات انجام دینے والے اہل ملازمین مستقل ورکرز قرار پانے کے حق دار ہیں۔
