
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے 40 مسافر جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔
کوئٹہ سے پشاور جانے والی ایک مسافر کوچ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے سے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ بس کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا جس میں اب تک 40 مسافر جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
