
مظفرگڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملتان میں سفاکیت اور بربریت کی انتہا، اجرت مانگنے پر درندہ صفت ٹھیکیدار نے 15 سالہ لڑکے کی جان لے لی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق افسوسناک واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 15 سالہ وسیم عباس بطور الیکٹریشن ملزم توقیر کے پاس کام کرتا تھا، ملزم توقیر مقتول پر تشدد اور قتل کی دھمکیاں بھی دیتا تھا جس خوف سے وہ بھاگا، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ کار پر اس کا پیچھا کیا اور قتل کی نیت سے گاڑی اس پر چڑھا دی، گاڑی کی ٹکر سے اس کا سر کوٹھی کے پلر سے لگا جو موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق وسیم عباس کی اجرت کے معاملے پر ٹھیکیدار سے اکثر تلخ کلامی ہوئی تھی، وسیم نے کام کے حساب سے اجرت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
