
تل ابیب(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے سیاسی حریف گاڈی آئزنکوٹ نے ان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نیتن یاہو کا طرزِ عمل اسرائیل کی جمہوریت کے لیے براہِ راست خطرہ ہے اور انھیں مزید ایک منٹ کے لیے بھی اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے۔‘
بی بی سی اردو کے مطابق گاڈی آئزنکوٹ نے اتوار 15 نومبر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’نیتن یاہو اور ان کے قریبی ساتھیوں کا رویہ اسرائیلی جمہوریت کے لیے واضح اور فوری خطرہ بن چکا ہے۔‘
ان کے مطابق اسرائیل کا کوئی بھی ادارہ یا شعبہ بدعنوانی، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور نیتن یاہو کے ذاتی سیاسی مفادات کے لیے استعمال ہونے سے محفوظ نہیں رہا۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو اب کسی حد کا احترام نہیں کرتے اور انھوں نے کوئی ایسی لکیر نہیں چھوڑی جسے عبور نہ کیا ہو۔ آئزنکوٹ نے کہا کہ کسی بھی صورت میں نیتن یاہو کو مزید ایک منٹ کے لیے اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے۔
گاڈی آئزنکوٹ ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو اسرائیل میں نئی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک میں انتخابات کے بعد اسرائیلی صدر نے انھیں نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
