
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلی فون کیا ہے جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں پاکستان اور کویت کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی صورتحال اور علاقائی امن و سلامتی پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
