
اسلام آباد /تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم دورے پر تہران پہنچ گئے۔
’’جنگ ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر داخلہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای کو فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور ایرانی حکام تک وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے پیغامات پہنچائیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی ملاقاتوں کے دوران خطے کی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔
عرب میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی تہران میں مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے طریقوں پر بات کریں گے، ایران کے منجمد فنڈز کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، تاہم منجمد فنڈز کے حجم اور ان کے جاری ہونے کے وقت کے بارے میں اختلافات برقرار ہیں۔
واضح رہے کہ تہران روانگی سے قبل وزیر داخلہ نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں ایران، امریکہ مذاکرات پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو مذاکرات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔
