
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ٹولیڈو میں ایک کمیونٹی اسٹریٹ فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی شام تقریباً 5:30 بجے اولڈ ویسٹ اینڈ فیسٹیول کے قریب فائرنگ کی اطلاع ملی، جس پر فوری طور پر پولیس موقع پر پہنچی اور متعدد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
امریکی میڈیا نے عینی شاہد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 10گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں تاہم فائرنگ کرنے والے شخص کے حوالے سے کچھ معلوم نہ ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
