
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیر تک لانگ مارچ کی حتمی کال مؤخر کرنے کا کہا ہے، اگر حکومت ریلیف نہیں دیتی تو دھرنے ملک بھر سے اسلام آباد کی طرف چل پڑیں گے۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وفد کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ آج پنجاب ہاؤس میں جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کا بات چیت کا دوسرا دور ہوا ہے۔ ہم پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کے لیے ریلیف چاہتے ہیں۔ لیوی ختم ہونی چاہیے، ہم نے حکومت کا 6 نکات پیش کیے تھے۔حکومت کے پاس آئیں بائیں شائیں کے سوا کوئی جواب نہیں۔
لیاقت بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے3 دن مانگے تھے، بیوروکریٹس مشکلات کا پہاڑ پیش کردیتے ہیں۔ حکومتی وفد نے پیر تک لانگ مارچ کی حتمی کال مؤخر کرنے کا کہا ہے۔ اگر حکومت ریلیف نہیں دیتی تو دھرنے ملک بھر سے اسلام آباد کی طرف چل پڑیں گے۔
