
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی اتحادی فوج کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ڈرون حملے ناکام بنا دیئے گئے۔
فضائی دفاعی نظام نے مشرقی صوبے کے علاقے راس تنورہ میں 4 ڈرونز کو مار گرایا۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ ڈرونز کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اس سے قبل سعودی اتحادی فوج کی جانب سے علاقے کے لیے انخلا کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔
اس سے قبل ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں 2 سعودی، 2 بھارتی، 3 نیپالی اور 4 مصری شہری شامل ہیں۔
