
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) میٹا پلیٹ فارمز نے بچوں کو فیس بک اور انسٹاگرام کا عادی بنانے کے الزامات کے خاتمے کے لیے امریکا کی تقریباً تمام ریاستوں کے ساتھ ایک بڑے معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے تحت کمپنی کو 18 ارب ڈالر تک ادا کرنے پڑ سکتے ہیں جبکہ نوجوانوں کے لیے دونوں پلیٹ فارمز کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق بدھ کے روز اعلان کیے گئے ان معاہدوں کے بعد میٹا کے خلاف وفاقی سطح پر جاری مقدمے کی کارروائی ختم ہوگئی۔ مقدمے میں الزام تھا کہ کمپنی نے اپنی سوشل میڈیا مصنوعات کو بچوں کو زیادہ سے زیادہ مصروف اور عادی رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا اور ان پلیٹ فارمز کی حفاظت سے متعلق عوام کو گمراہ کیا۔
کولوراڈو کے اٹارنی جنرل فل ویزر نے کہا کہ اس مقدمے کا مقصد بچوں کا تحفظ تھا اور معاہدے کے تحت حاصل ہونے والی مراعات انتہائی اہم ہیں، جو ان کے بقول عدالت کی جانب سے عائد کیے جانے والے ممکنہ احکامات سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔
