
مری(ڈیلی پاکستان آن لائن)مری میں سائن روڈ مسیاڑی کے مقام پر نجی سکول وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 11 بچے جھلس گئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ 4 شدید جھلسے بچوں کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ 7 بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مری منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا ریسکیو اور پولیس مشترکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ڈی پی او مری رضا تنویر کے مطابق وین میں 2 نجی سکولوں کے بچے سوار تھے۔ متاثرہ بچوں میں 8 سالہ ارحم ولد علی نواز تقریباً 38 فیصد جھلسنے سے زخمی ہوا، جبکہ 8 سالہ حسن طالب ولد محمد طالب کو تقریباً 26 فیصد جھلسنے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔
اسی طرح عائشہ دختر کلیم تقریباً 42 فیصد جھلسنے کے زخموں سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق باقی 8 بچے اس وقت مستحکم حالت میں ہیں۔ ان 8 بچوں میں سے 2 بچے جھلسنے سے محفوظ رہے، جبکہ باقی 6 بچوں کو 10 فیصد سے کم جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔
امدادی کارروائی کے دوران گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔
