
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 سالہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے الزام میں سینیئر پولیس افسر کی اہلیہ اور ان کے گھر میں بچوں کو ٹیوشن دینے والے قاری کو گرفتار کر کے عدالت پیش کر دیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ لڑکی کی لاش پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کی سرکاری رہائش گاہ سے برآمد ہوئی جہاں وہ سینیئر پولیس افسر کی اہلیہ کے پاس بطور گھریلو ملازمہ کام کر رہی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسر گوجرانوالہ میں بطور ڈائریکٹر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) تعینات ہیں جبکہ ان کی بیوی اس کم سن گھریلو ملازمہ کو عرصہ دارز سے تشدد کا نشانہ بنا رہی تھی۔
