
لاہور (افضل افتخار) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم میں کوچنگ کے عدم استحکام کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سامنے آگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ساڑھے تین سال کے دوران قومی خواتین ٹیم کا چھٹا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو یہ ذمہ داری سونپے جانے کے بعد قومی ٹیم کے کوچنگ نظام میں تسلسل اور مستقل مزاجی کا سوال بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ شین ڈائٹز اپنی نئی ذمہ داریوں کا آغاز اسی ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف کریں گے جس کی وہ گزشتہ تین سال تک کوچنگ کرتے رہے ہیں۔شین ڈائٹز کی پاکستان ویمنز ٹیم میں آمد ایک غیر معمولی صورت حال بھی پیدا کر رہی ہے۔ ان کے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آندرے کولی کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے، یوں آئندہ سیریز میں ڈائٹز اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی تیار کرتے دکھائی دیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور ان کے کھیلنے کے انداز سے واقفیت نئے پاکستانی کوچ کے لیے ایک اہم تجرباتی برتری ثابت ہو سکتی ہے۔شین ڈائٹز نے ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے ساتھ تین سالہ دور میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ان کی کوچنگ میں کیریبین ٹیم نے 2024 اور 2026 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کھیلے۔
