
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی حکومت کی جانب سے بحرین جانے والے مسافروں کے لیے ٹیکسی سروس کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم نئی پابندیاں اور شرائط بھی مقرر ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز’’ کے مطابق سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے سعودی ٹیکسی مالکان کو اجازت دے دی ہے کہ وہ بحرین تک مسافروں کو لے جاسکتے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ٹیکسی سروس کی سہولت شروع ہوگئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق نئی اجازت کا اطلاق 6 ستمبر سے ہوگیا ہے، اس حوالے سے ٹیکسی سیکٹر سے وابستہ سرمایہ کاروں کو جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ یہ سروس فراہم کرنے والے سعودی ٹرانسپورٹرز کو تمام انتظامی قواعد و ضوابط اور متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی کرنا ہوگی۔
