
ڈھاکہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق رکنِ پارلیمنٹ شکیب الحسن کے آبائی گھر پر نامعلوم افراد نے حملہ کرتے ہوئے اسے آگ لگانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق واقعہ ضلع ماگورا کے علاقے کیشب مور میں پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے گھر پر پتھراؤ کیا، کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے اور بعد ازاں گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ماگورا صدر پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج محمد عبداللّٰہ المامون نے بتایا کہ واقعے میں ملوث افراد کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کے بعد گھر کے اطراف پولیس تعینات کر دی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے نئی دہلی میں فارن کوریسپونڈنٹس کلب آف ساؤتھ ایشیاء کے زیر اہتمام میڈیا سے گفتگو کی، جس میں شکیب الحسن نے بھی شرکت کی۔
پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
