
میڈرڈ (زاہد مصطفیٰ اعوان) سپین میں ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ کام کرنے کے خواہشمند پنشنرز کے لیے اہم نئے قواعد نافذ ہوگئے ہیں، جن کے تحت اہل افراد مخصوص شرائط پوری کرتے ہوئے کام سے آمدنی حاصل کرنے کے ساتھ اپنی ریٹائرمنٹ پنشن کا ایک حصہ بھی وصول کرسکیں گے۔
سپین کے سرکاری گزٹ BOE کے مطابق Real Decreto 416/2026 کے تحت Flexible Retirement کے نظام میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نیا قانون 28 اگست 2026 سے نافذ ہوگیا ہے۔
نئے نظام کے تحت ریٹائرمنٹ پنشن حاصل کرنے والا شخص دوبارہ جزوقتی ملازمت اختیار کرسکتا ہے۔ ملازمت کے اوقات ایک مکمل ملازم کے اوقات کے 33 فیصد سے 80 فیصد تک ہوسکتے ہیں، جبکہ کام کے اوقات کے تناسب کے مطابق پنشن کی قابلِ ادائیگی رقم طے ہوگی۔
اس اصلاح کا بنیادی مقصد ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ لیبر مارکیٹ میں آنے والے افراد کے لیے کام اور پنشن کو زیادہ لچکدار انداز میں ساتھ جاری رکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
