
دبئی (طاہر منیر طاہر) ڈپلومیٹ بزنس کلب کے صدر ایمبیسڈر جاوید ملک نے دبئی میں جرمنی کے نو تعینات قونصل جنرل ڈاکٹر جینز کرسچن گیڈٹکے سے ملاقات کی اور انہیں دبئی میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈپلومیٹ بزنس کلب میں خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایمبیسڈر جاوید ملک نے کہا کہ جرمنی دنیا کی اہم صنعتی اور اقتصادی طاقتوں میں شمار ہوتا ہے اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں مقیم بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار جرمنی کے ساتھ تجارتی اور کاروباری روابط رکھتے ہیں۔
جاوید ملک نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات عالمی تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری ترقی کا ایک نمایاں بین الاقوامی مرکز بن چکا ہے، جہاں دنیا کی 200 سے زائد قومیتوں کے افراد مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی دانشمند قیادت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جس کے لیے متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری اپنی قیادت کی بے حد مشکور ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی دوراندیش قیادت کے وژن کی بدولت دبئی آج دنیا کے ممتاز تجارتی اور سرمایہ کاری کے مراکز میں شامل ہے، جہاں مختلف قومیتوں کے لوگ باہمی احترام، ہم آہنگی اور اعتماد کے ماحول میں رہتے، کام کرتے اور کاروبار کرتے ہیں۔
ایمبیسڈر جاوید ملک نے کہا کہ ڈپلومیٹ بزنس کلب کا مقصد مختلف ممالک کی کاروباری برادریوں، سرمایہ کاروں اور سفارتی نمائندوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور متحدہ عرب امارات میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
