فارغ بیٹھنا بیماری ہے،اصول پر کام کرنیوالے پر کبھی دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا، آپ غریب اور مستحق کی مدد کریں اللہ تعالیٰ کی مدد خود ہی شامل ہو جاتی ہے

مصنف:شہزاد احمد حمیدقسط:483ضد پہ ضد؛   چوہدری جعفر ضد لگا ئے ہوئے تھے۔ وہ نہیں جانتے تھے کہ اس ملک کی افسر شاہی جب کسی بات کی مخالفت پر تل جائے تو

جگہ Mar 31, 2026 IDOPRESS

مصنف:شہزاد احمد حمید


قسط:483


ضد پہ ضد؛


چوہدری جعفر ضد لگا ئے ہوئے تھے۔ وہ نہیں جانتے تھے کہ اس ملک کی افسر شاہی جب کسی بات کی مخالفت پر تل جائے تو سیاست دان وہ چیز کبھی بھی حاصل نہیں کر سکتے۔ اپنی بے شمار کوشش کے باوجود وہ اکیڈمی کی ایک انچ جگہ بھی وہ نہیں لے پائے تھے۔ اکیڈمی کی مالی، باورچی کی کچھ خالی اسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا تو موصوف پھر سے تشریف لائے۔ اس بار انہوں نے 2مالیوں کی سفارش کر ڈالی۔ میں نے ان سے پوچھا؛”جناب! کیا ان بچوں کو مالی کا کام آ تا ہے۔“ بولے؛”زمینداری کر لیتے ہیں۔“ میں نے ان سے بحث کر نا مناسب نہیں سمجھا البتہ ان کے سفارشی بندوں کو نوکری نہیں دی ہاں ان کے سفارشی رقعے عرصہ تک میرے ریکارڈ میں رہے۔اصول پر کام کرنے والے بندے پر کبھی دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا۔ آپ غریب اور مستحق کی مدد کریں اللہ کی مدد خود ہی شامل ہو جاتی ہے۔


اڈہاک ازم؛


جعفر اقبال کا مسئلہ حل ہوا تو ساری توجہ اکیڈمی کے معا ملات درست کرنے کی طرف کر دی۔ عرصہ سے اکیڈمی ایڈہاک بنیادوں پر ہی چلائی جا رہی تھی۔ جب کوئی ریگولر سربراہ نہ ہو تو وہ ادارہ توجہ سے محروم رہتا ہے اور حکام کی نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ اس ادارے کو صرف سیکرٹری یونین کونسل کی تربیت گاہ تک محدود کر دیا گیا تھا۔ اس سطح تک محدود ہونے کے دو نقصان ہوئے؛ پہلا،تربیت دینے والے جمود کا شکار ہو گئے۔ دوسرا: جمود کا شکار ادارہ کو ئی بھی نیا initiative لینے سے گھبراتا ہے۔ میں یہاں آیا تو صورت حال ایسی ہی ہو چکی تھی۔دفتری معاملات بھی حوصلہ افزاء نہ تھے۔ کام کم یا نہ ہونے کی وجہ سے سبھی سست ہو چکے تھے۔ فارغ بیٹھنا بھی بیماری ہے اور یہ دیمک کی طرح ہر شے کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔ دیمک یہاں بھی پہنچ چکی تھی اور چیزوں اور عقل کو کھانے لگی تھی۔ فیکلٹی کے اکثر دوست فیلڈ سے ہی آئے تھے۔ وہاں سے اکتا کر یا گھبرا کر یہاں پناہ گزین ہوئے تھے اور 8 گھنٹے کی بجائے وہ صرف1 گھنٹہ کام کرتے، سستی اور مستی کی چھایا انہیں گھیر چکی تھی۔ آرام طلبی نے ان میں کام کرنے کی سپرٹ ہی ختم کر دی تھی۔ان کی صلاحیتیں زنگ آ لود ہو گئی تھیں۔ہر افسر کا علیٰحدہ کمرہ تھا اور ان کمروں میں ایک قدر مشترک تھی، مٹی اور دھول میزوں اور کرسیوں پر جمی تھی۔ہر افسر شاید ہفتہ میں ایک بار ہی اپنے کمرے میں تشریف لاتا، گھنٹہ بھر سکرولنگ کرکے خانہ پوری کرتا اورپھر ذاتی کاموں میں مشغول ہو جاتا۔پرانے ہیڈ کلرک کھو کھر صاحب کی ریٹائیرمنٹ کے بعد یہ عہدہ کسی مناسب عہدے دار کے انتظار میں تھا۔ سارے دفتری معاملات اتنے زنگ آ لود تھے کہ جہاں انگلی رکھو سوراخ منتظر ہوتا۔ ایک بٹ سینئر کلرک اس عہدے پر براجمان تھا۔ یہ شخص ایک پرانی انکوائری میں سزا یافتہ تھا اور وہ کیسے نوکری کر رہا تھا سوالیہ نشان تھا۔ ہفتہ دس دن کے بعد ہی اس اہل کار کو اس کے عہدے سے ہٹا کر میں نے اصلاحات کا پہلا قدم اٹھایا کہ وہ کسی طور بھی اس عہدے کا اہل نہ تھا۔ یاد رہے ہیڈ کلرک کے گرد ہی سارا دفتر گھومتا تھا۔ اس عہدے پر جتنا کوئی شخص active اور سمجھ دار ہو گا دفتری پراگرس بھی اتنی ہی بہتر ہو گی۔ 3سینئرکلرکوں میں سے میری دانش میں نثار احمد سب سے بہتر اور ایکٹو تھا۔ قرعہ انتخاب اسی کا نکلا، اسے اس عہدے کا چارج دیا اور بٹ کو مالیوں کا انچارج بنا دیا۔انصر نے کچھ شور مچایا، شاید وہ نہیں جانتا تھا کہ افسر افسر ہی ہوتا ہے۔نثار کو میں نے کام کرنے کی مکمل آ زادی تھی جہاں اسے کو ئی مشکل پیش آ تی میں اس کی راہنمائی کرتا اور تا دم تحریر وہ اپنے فرائض خوش اسلو بی سے انجام دے رہا ہے۔دفتری حالات بہتر ہوئے تو اگلا مرحلہ خالی اسامیاں پر کرنا تھا۔ ڈرائیور،باورچی، مالی اور نائب قاصد کی اسامیاں کب سے خالی تھیں جس سے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی متاثر ہو چکی تھی۔ 4 سرکاری گاڑیوں کے لئے صرف ایک ڈرائیور تھا۔8 مالیوں کی پوسٹ پر صرف 3 مالی تھے اور ا کیڈمی کے وسیع لان میں گھاس بے ترتیب پھیلی تھی۔ باورچی کی ساری اسامیاں خالی تھیں۔ سارے کام ہی اڈہاک بنیادوں پر چلائے جا رہے تھے۔ملک اسحاق جو ایڈمن کے معاملات دیکھتے تھے انہیں کاروائی کے لئے کہا اور جلد ہی اخبار میں ان اسامیوں کا اشتہار دے کر اس کام کا آ غاز کیا۔(جاری ہے)


نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں