
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ٹک ٹاک لائیو کرنے والوں اور فیملی وی لاگرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مواد سے ملک کے بچوں اور نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سوشل میڈیا کے جہاں کئی فائدے ہیں، وہیں اس کے نقصانات بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق سب سے زیادہ نقصان دہ وہ لوگ ہیں جو فیملی وی لاگنگ اور ٹک ٹاک لائیو کے ذریعے بچوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایک ٹک ٹاک صارف کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد سوشل میڈیا پر غیر مناسب مواد کے ذریعے زیادہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں اور یہی چیز نوجوانوں میں راتوں رات امیر ہونے کی خواہش پیدا کر رہی ہے
گزشتہ ماہ انہوں نے گلوکار فلک شبیر کی جانب سے خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر بھی ردعمل دیا تھا۔ اس کے علاوہ ٹی وی میزبان فضا علی اور ان کے شوہر کے ایک پروگرام کے دوران پیش آنے والے واقعے پر بھی انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بڑوں کو ایسا طرز عمل اختیار کرنا چاہیے جس سے بچوں کو بہتر اخلاقی اقدار سیکھنے کو ملیں۔
