
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سینئر صحافی شہباز رانا نے ٹریبون میں شائع ہونے والی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاہے کہ حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے تحت 14.2 ارب روپے مالیت کی 11 جائیدادیں، جن میں سات بیرون ملک واقع ہیں، نئے خریداروں کے حوالے کر دی ہیں۔ نجی خریدار اسلام آباد کو اپنی کاروباری سرگرمیوں کا نیا مرکز بنانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ خان کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں نجکاری کمیشن کے سیکریٹری عثمان باجوہ نے یہ تفصیلات پیش کیں ۔ عثمان باجوہ کے مطابق نئے خریداروں کو منتقل کی جانے والی جائیدادوں کی مجموعی مالیت 14.2 ارب روپے ہے، جو 75 فیصد حصص کی خریداری کے بدلے حکومت کو ادا کیے گئے 10 ارب روپے سے تقریباً 4 ارب روپے زیادہ بنتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پی آئی اے کے 100 فیصد حصص 55 ارب روپے نقد کے عوض فروخت کیے ہیں، تاہم فی الحال 75 فیصد حصص کی منتقلی مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی 25 فیصد حصص کی منتقلی اور مزید 45 ارب روپے کی ادائیگی کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔
