
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل، بوگس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف لاہور ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں سمیت 113 وہیکلز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق انفورسمنٹ مہم کے دوران بغیر نمبر پلیٹس اور اپلائیڈ فار 17 ہزار 749 وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ فینسی نمبر پلیٹس یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر نہ لگانے پر 12 ہزار 996 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہری گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کے بجائے اپنا نیا یونیورسل نمبر لگائیں۔ شہری قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں، جبکہ قانون شکن اور جرائم پیشہ افراد بھی اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ جن تمام وہیکلز پر ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس لگی ہوئی ہیں، انہیں اس حوالے سے چالان نہیں کیا جا رہا۔
