
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2 ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں جس کی بڑی وجہ خلیج سے تیل کی سپلائی میں بہتری کے امکانات اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی امید کو قرار دیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق برینٹ خام تیل کے نومبر کے معاہدے کی قیمت 2.01 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے بعد 98.33 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی اکتوبر ڈیلیوری 2.50 ڈالر یا 2.61 فیصد گر کر 93.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو آئندہ 7 روز میں دوبارہ کھولنے کے امکان کے اشاروں نے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کم کیے ہیں۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث دنیا بھر میں پیٹرول کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ تاہم ایران کی جانب سے امریکہ کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کی شرط پر عندیہ دیا ہے کہ وہ بھی آبنائے ہرمز کو آئندہ ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر کھول دے گی جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
