
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظربندی کے خلاف دائر درخواستوں پر فوری طور پر نظر بندی کے نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق جسٹس عبہر گل خان نے درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور متعلقہ فریقین سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
سماعت کے دوران ڈاکٹر عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی جانب سے رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور پیش ہوئے، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے فرخ لودھی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
نورین نیازی کی بیٹی سکینہ سمیت دیگر درخواست گزاروں نے بھی رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
عدالت نے فوری طور پر نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
