
مالدیپ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) چار ملکی ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق پاکستان کی اس شاندار مہم کی سب سے بڑی خاص بات یہ رہی کہ پورے ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کے خلاف ایک بھی گول سکور نہ ہو سکا جو ٹیم کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔یہ فتح پاکستان فٹبال کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے،کیونکہ یہ قومی ٹیم کا پہلا باقاعدہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ ٹائٹل ہے۔
تفصیلات کے مطابق مالدیپ میں کھیلےگئے میچ کے 24 ویں منٹ میں پاکستان کے شائق دوست نے شاندار کک کے ذریعے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ اس گول نے دنیا بھر میں پاکستانی شائقین کے دل بھی جیت لیے۔میچ کے آخری لمحات میں ہارون حامد نے ایک اور فیصلہ کن گول سکور کرکے پاکستان کی فتح کو یقینی بنا دیا اور سکور 0-2 کر دیا۔
اس سے قبل 1952 کے سیلون کپ میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹائٹل جیتا تھا، جب کہ 1991 کے ساؤتھ ایشیئن گیمز میں قومی ٹیم نے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا تاہم وہ انفرادی فٹبال ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ملٹی سپورٹس ایونٹ تھا اس لیے مالدیپ میں حاصل یہ فتح اپنی نوعیت میں منفرد اور تاریخی ہے۔
