
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم بی ایل اے کے 2 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
نجی ٹی وی ’’سماء نیوز‘‘ کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم بی ایل اے کے 2 تربیت یافتہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار دہشتگرد نے ریکی اور کمیونیکیشن کی خصوصی تربیت حاصل کررکھی تھی اوروہ کراچی میں حساس تنصیبات کی معلومات اکٹھی کرکے دہشت گرد تنظیم کو فراہم کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق برآمد کیا گیا بارودی مواد دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
