
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ہمیشہ اپنی کامیاب فلموں اور بہترین اداکاری پر خبروں کی زینت بنتے ہیں تاہم اس دفعہ ذاتی زندگی کے اہم فیصلے کے حوالے سے میڈیا میں نمایاں ہیں کیونکہ وہ گوری اسپرٹ کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی آئندہ اتوار کو ممبئی میں واقع عامر خان کی رہائش گاہ میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں ہوگی اور دونوں نے شادی کی تقریب مکمل طور پر نجی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جو بالی ووڈ کی روایتی شان دار اور پرتعیش شادیوں کے برعکس ہے۔
عامر خان نے اس سے قبل مختلف انٹرویوز میں بتایا تھا کہ ان کا اور گوری اسپرٹ کا رشتہ غیر متوقع طور پر قائم ہوا، دونوں کی ملاقات خاندانی روابط کے ذریعے ہوئی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان قربت بڑھتی گئی۔
بعد ازاں ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ وہ اور گوری اسپرٹ دونوں اپنے تعلق کو شادی میں بندھنا چاہتے ہیں، وہ جذباتی طور پر خود کو پہلے ہی گوری کا شریک حیات سمجھتے ہیں اور شادی محض ان کے تعلق کو قانونی اور باضابطہ حیثیت دینے کا ایک رسمی فیصلہ ہے۔
