
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جس کی بڑی وجہ اوپیک پلس کی جانب سے اگست کے لیے تیل کی پیداوار میں اضافے کا فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی برآمدات کی بحالی نے بھی عالمی منڈی میں سپلائی سے متعلق خدشات کو کم کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 24 سینٹ یا 0.33 فیصد کمی کے بعد 71.88 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 11 سینٹ یا 0.16 فیصد کمی کے ساتھ 68.58 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
دوسری جانب سرمایہ کار اوپیک پلس کی آئندہ پالیسی، عالمی طلب، امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت اور عالمی معاشی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ یہی عوامل مستقبل میں تیل کی قیمتوں کا رخ متعین کریں گے۔
