
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے حوالے سے عالمی ادارے کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور تنازع کا حتمی حل اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، شملہ معاہدے اور انسانی حقوق کے مکمل احترام کے مطابق پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان عزیز حق نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے بارے میں ہمارا مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔
اس اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام معطل کر دیا گیا، عوامی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں اور ہزاروں اضافی بھارتی فوجی تعینات کیے گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بڑی تعداد میں غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے، جن کے ذریعے انہیں مستقل رہائش اور سرکاری ملازمتوں کا حق دیا گیا، جسے ناقدین خطے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔
