
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل تقریباً 6 سال بعد اپنے دونوں بچوں، آرچی اور للی بیٹ کے ہمراہ امریکا سے برطانیہ واپس پہنچ گئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شہزادہ ہیری، میگھن اور ان کے بچوں نے نجی پرواز کے ذریعے امریکی ریاست کیلیفورنیا سے برمنگھم ایئرپورٹ کا سفر کیا، جہاں ان کی آمد ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی شاہی خاندان کی سرکاری ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کے لیے نہیں ہے۔ دونوں مستقبل میں بھی شاہی خاندان کے فعال ارکان کی حیثیت سے سرکاری فرائض انجام نہیں دیں گے بلکہ غیر سرکاری حیثیت میں برطانیہ میں رہائش اختیار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق جوڑا لندن سے باہر واقع کوٹس وولڈز کے علاقے میں موجود اپنی نجی رہائش گاہ کو برطانیہ میں اپنا مرکزی ٹھکانہ بنا سکتا ہے۔ ان کے دونوں بچوں کے سکول میں داخلے سے متعلق انتظامات بھی مکمل کیے جاچکے ہیں اور نئے تعلیمی سال کا آغاز اگلے ہفتے متوقع ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن نے تقریباً چھ سال بعد مستقل یا طویل مدتی بنیادوں پر برطانیہ واپس آنے کا فیصلہ کیوں کیا اور اس فیصلے میں شاہی خاندان کے کسی فرد کا کوئی کردار ہے یا نہیں۔
ان کی واپسی کے باوجود یہ بات واضح ہے کہ ہیری اور میگھن فوری طور پر شاہی خاندان کے سرکاری فرائض دوبارہ انجام نہیں دیں گے۔ ان کی برطانیہ میں نئی زندگی اب بھی نجی حیثیت میں ہوگی، تاہم ان کی موجودگی سے شاہی خاندان اور جوڑے کے تعلقات ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔
