
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہباز شریف حکومت نے نوجوانوں کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کی بالائی حد 233 اعشاریہ 33 فیصد اضافے سے75 لاکھ سے بڑھاکر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا ٹیئر 4 متعارف کرادیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں ترمیم کا مراسلہ تمام بینکوں کو ارسال کر دیا ہے جس کے مطابق نئے ٹیئر 4 میں قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے زیادہ اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوگی۔
اس سے قبل سکیم میں 3 ٹیئر موجود تھے، ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک 0 فیصد، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ اور 15 لاکھ روپے تک 5 فیصد جب کہ ٹیئر 3 میں 15 لاکھ روپے سے زیادہ اور 75 لاکھ روپے تک 7 فیصد شرح پر قرض دیا جاتا تھا۔
