
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ محض ایک بین الاقوامی معاہدہ نہیں بلکہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی، معیشت اور مستقبل سے جڑا معاملہ ہے۔ پاکستان ہر صورت اس تاریخی معاہدے کے تقدس کا تحفظ کرے گا اور اگر ملک کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو قومی قیادت عوام کا حق بحال کرنے کے لیے مؤثر جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
اسلام آباد میں ’سندھ طاس معاہدہ: امن اور علاقائی استحکام کا ایک اہم ذریعہ‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہم صرف ایک معاہدے پر نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ پر گفتگو کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی سندھ کی تہذیب ہماری اصل شناخت ہے اور ہم اس عظیم تہذیب کے وارث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدوں کی پاسداری ہی قوموں کے درمیان اعتماد اور عالمی نظام کے استحکام کی بنیاد ہوتی ہے، اسی لیے سندھ طاس معاہدے کے تقدس کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے 24 کروڑ عوام کے آبی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنائے گا۔
