
طرابلس(ڈیلی پاکستان آن لائن)لیبیا کے مشرقی ساحل کے قریب یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تقریباً 60 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی، جس سے کم از کم 50 افراد جان سے گئے یا لاپتہ ہو گئے ہیں، کشتی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق مشرقی لیبیا کے ساحلی شہر طبرق کے نزدیک بردعہ جزیرے کے قریب یہ حادثہ پیش آیا، مشرقی لیبین کوسٹ گارڈز کے مطابق 10 افراد تیر کر جزیرے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور اپنی جان بچا لی، جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
یہ واقعہ لیبیا کے ساحل کے قریب پیش آنے والا تازہ ترین سمندری سانحہ ہے، لیبیا شمالی افریقہ کا وہ اہم ملک ہے جہاں سے بڑی تعداد میں تارکینِ وطن بحیرہ روم عبور کر کے بہتر زندگی کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 16 مئی تک وسطی بحیرہ روم کے راستے میں 800 سے زائد تارکینِ وطن جان سے گئے یا لاپتہ ہوئے۔
ادارے کے مطابق گزشتہ سال اسی راستے میں 1,300 سے زیادہ افراد جان سے گئے یا لاپتہ ہوئے تھے۔
