
لاہور (ویب ڈیسک)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر (PIO) کے عہدے پر رئیسہ عادل کے تقرر کا خیرمقدم کیا ہے۔
اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے امید ظاہر کی ہے کہ بطور پرنسپل انفارمیشن آفیسر اپنے دورِ ملازمت کے دوران محترمہ رئیسہ عادل صحافت کی آزادی کا تحفظ اور دفاع کریں گی اور پرنٹ میڈیا کے مسائل حل کریں گی، انہیں یقین ہے کہ ان کے دورِ میں پرنٹ میڈیا پی آئی ڈی اور حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات سے لطف اندوز ہوتا رہے گا۔
اے پی این ایس کے عہدیداران نے سبکدوش ہونے والے پی آئی او مبشر حسن کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کے دورِ ملازمت کے دوران پرنٹ میڈیا کے لیے فراہم کردہ تعاون اور معاونت کو سراہا۔اے پی این ایس کے عہدیداران نے امید ظاہر کی کہ پرنٹ میڈیا سے متعلق وہ مسائل جو ابھی تک زیرِ التوا ہیں، انہیں حل کیا جائے گا۔
ان مسائل میں سرکاری اشتہارات کے پہلے سے منظور شدہ نرخوں (ریٹس) پر عمل درآمد، سرکاری اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور طویل عرصے سے واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں شامل ہیں تاکہ پرنٹ میڈیا مالیاتی بحران (لیکویڈیٹی کرنچ) کا سامنا کر سکے۔
