
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنیوالے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا اور ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فریئر کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ڈاکٹر آکاش کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر آکاش بینک پہنچے تو ملزمان پہلے سے موجود تھے، ملزم نے ساتھی ڈکیتوں کو ریکی کر کے اطلاع دی، 24 گھنٹوں میں واردات کی تفصیلات حاصل کی گئیں اور 36 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیاگیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ 100 سے زائد سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کی گئیں، واردات میں موٹرسائیکل اور ایک گاڑی استعمال کی گئی، 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ملزمان آئے تھے جنھیں گرفتارکرلیا گیا ہے، ملزمان کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا، کچھ رقم کی برآمدگی ہوئی ہے اور مزید رقم کی ریکوری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
