
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو کروز میزائلوں کو روکنے کے دوران ریاض میں 15 گھروں کو نقصان پہنچا اور چار افراد زخمی ہوئے۔
بی بی سی عربی کے مطابق سعودی عرب کی سول ڈیفینس نے ایک بیان میں کہا کہ میزائل روکنے کی کارروائی کے نتیجے میں ملبہ دھران شہر کے رہائشی علاقے میں گرا، جس میں آرامکو کا ہیڈکوارٹر ہے۔ ان میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔
دوسری جانب مشرقی صوبے کے شہر ظہران میں آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔
سرکاری سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارتِ توانائی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ آرامکو کے ملازمین کو بدھ کے روز گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی
یاد رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی صدارت میں ہونے والے سعودی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ ایران کی حمایت یافتہ گروہ اپنی حالیہ مہلک کارروائیوں کے نتائج بھگتے گا۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک میزائل حملے میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اگلے روز اسی نوعیت کے ایک اور حملے میں ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
