
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایچ ای سی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے امریکہ کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کیلئے سکالرشپس کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکہ، پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027ء کے داخلوں کے لئے امریکہ کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں شامل ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس کے لئے پاکستانی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ سکالرشپ صرف پی ایچ ڈی پروگرام کے لئے مختص ہے جبکہ ماسٹرز یا ایم ایس سے پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں ہوں گے، ترجیح ان امیدواروں کو دی جائے گی جنہیں ایچ ای سی کی ترجیحی شعبہ جات میں امریکی جامعات سے داخلہ حاصل ہوگا۔
امیدوار کے لئے GRE جنرل میں کم از کم 300 نمبر یا ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (HAT) میں کم از کم 60 فیصد سکور بھی لازمی ہو گا، ایچ ای سی نے مزید ہدایت کی ہے کہ دلچسپی رکھنے والے امیدوار تفصیلی معلومات اور درخواست جمع کرانے کے لئے ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور سکالرشپ پورٹل سے رجوع کریں۔
