
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)برطانیہ کی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب تین بحری جہازوں نے حملے کا نشانہ بننے کی اطلاع دی ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق برطانوی بحری ادارے کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک قطر کا مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے جانے والا جہاز تھا، جس پر ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
قطر نے اس حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا ہے، تاہم تہران کی جانب سے ابھی تک اس بارے میں کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
اسی دوران، ایک بہت بڑا خام تیل بردار جہاز (VLCC) بھی بحیرۂ عمان میں متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ خور فکّان سے 16 بحری میل مشرق میں حملے کا نشانہ بنا۔
تیسرا تیل بردار جہاز عمان کے جزیرہ نما مسندم سے تقریباً 6 بحری میل کے فاصلے پر ایک نامعلوم شے کے حملے کی زد میں آیا۔
ایران نے امریکہ کے ساتھ ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہاز رانی کے لیے کھلا رکھے گا۔
