
دبئی (طاہر منیر طاہر) بیلجیئم بزنس کونسل کے وفد نے چیئرپرسن میڈم پیگی شیرپنبرگ کی قیادت میں ڈپلومیٹ بزنس کلب کے صدر ایمبیسڈر جاوید ملک سے ملاقات کی، اور بزنس کمیونٹی کے درمیان روابط کو فروغ دینے، تجارتی تعاون کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران بیلجیئم بزنس کونسل نے ایمبیسڈر جاوید ملک کو بیلجیئم میں تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف کاروباری شعبوں میں موجود مواقع کے حوالے سے بریف کیا۔ اس موقع پر ڈپلومیٹ بزنس کلب اور بیلجیئم بزنس کونسل کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے، جس کے تحت دونوں اداروں کے درمیان تعاون میں وسعت لانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایمبیسڈر جاوید ملک کا کہنا تھا کہ بیلجیئم یورپ کا ایک اہم تجارتی اور صنعتی ملک ہے، جہاں کاروباری برادری کے لیے تجارت، ٹیکنالوجی، صنعت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ڈپلومیٹ بزنس کلب کی جانب سے تمام تر تعاون کی یقین دہانی کرائی اور جاوید ملک نے کہا کہ ڈپلومیٹ بزنس کلب دنیا کے مختلف ممالک کے کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور سفارتی نمائندوں کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے جہاں بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری میں باہمی اشتراک کیا جا سکتا ہے۔ بیلجیئم بزنس کونسل کی چیئرپرسن نے ایمبیسڈر جاوید ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے بین الاقوامی کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
