اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی کابینہ میں اتفاقِ رائے سے امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر منظور کی گئی ’’ قرارداد

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی کابینہ میں اتفاقِ رائے سے امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر منظور کی گئی ’’ قرارداد تشکر‘‘ کا متن مندرجہ ذیل ہے.
قرارداد
وفاقی کابینہ ربِ ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر ادا کرتی ہے کہ اس نے وطن عزیز پاکستان کو موقع دیا کہ وہ خطے اور دنیا میں قیام امن کیلئے مرکزی ادا کرے.
ہم ایران اور امریکہ کے درمیان ان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے معاونین کے ہمراہ انتھک لگن، محنت اور تدبر کے ساتھ دو متحارب فریقین کو اکٹھے بٹھا دیا اور تقریباً نصف صدی پر محیط تعطل کا خاتمہ کیا.
وفاقی کابینہ بالخصوص نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شبانہ روز کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے راتیں جاگ کر انتہائی احسن طریقے سے معاملات کو نبھایا. ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی امن کے اس سفر میں انہیں کامیابیاں عطا فرمائے.
بلاشبہ اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا. ہماری دعا ہے کہ پاکستانی قیادت کی یہ پر خلوص کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں اور دنیا میں قیام امن کا باعث بنیں.
