
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے سیکریڑی انفارمیشن ذوالفقارعلی مغل نے پمز ہسپتال کے المناک سانحے پر اظہارِ افسوس کرتے ھوئے کہا ہے کہ پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت ایک انتہائی دلخراش اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے-
معصوم نومولود بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہے۔ اس سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو جس کرب اور دکھ سے دوچار کیا ہے، اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری دلی ہمدردیاں اور تعزیت ان تمام والدین اور خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے لختِ جگر کھوئے۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحوم معصوم بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور سوگوار والدین و اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
ذوالفقار علی مغل نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ سانحے کی اصل وجوہات سامنے آئیں اور اگر کسی سطح پر غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے، تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
