
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا، قافلہ مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا 8 اکتوبر کو خیر آباد پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آج بروز اتوار، 4 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، بنوں اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے کارکن لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔
سہیل آفریدی کے مطابق پورے خیبرپختونخوا کے لوگ 8 اکتوبر کو خیر آباد کے مقام پر اکٹھے ہوں گے اور وہاں رات گزاریں گے، جبکہ لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان خیر آباد کے مقام پر کیا جائے گا۔
