
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورکے نواحی علاقے فیروزوالہ میں نوڈلز کھانے کے باعث دو کمسن بچیوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پوسٹمارٹم کےبعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے کیش اینڈ کیری سٹور پر کام کرنے والے دو ملازمین کو حراست میں لے لیا۔
سما ٹی وی کے مطابق مقدمہ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی والدہ کی مدعیت میں سٹور مالکان بلال اور عثمان کیخلاف درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے کیش اینڈ کیری سٹور پر کام کرنے والے دو ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گھر کے قریب کیش اینڈ کیری سٹور سے بیس بائیس روز قبل نوڈلز خریدے تھے۔ نوڈلز کھانے کے 10 منٹ بعد بچیوں کو الٹیاں آنا شروع ہو گئیں۔ شبہ ہے کہ نوڈلز میں کوئی زہریلی چیز تھی۔ پولیس کا کہنا ہے موت کی وجوہات کا تعین پوسٹمارٹم رپورٹ میں کیا جائے گا۔
