
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت انہیں مزید 2 سال کے لیے کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عاصم افتخار احمد کے نئے 2 سالہ کنٹریکٹ کی منظوری دی ہے، اس فیصلے کے نتیجے میں وہ آئندہ دو سال تک سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھ سکیں گے۔
عاصم افتخار احمد پاکستان کے تجربہ کار سفارت کاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اس وقت وزارت خارجہ میں ملک کے اعلیٰ ترین سفارتی عہدے، سیکرٹری خارجہ، پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، انہیں دوطرفہ اور کثیرالجہتی سفارت کاری کا کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔
دسمبر میں ان کی ریٹائرمنٹ متوقع تھی، تاہم 2 سالہ کنٹریکٹ ملنے کے بعد وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھ سکیں گے، ان کی ملازمت میں توسیع کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے تسلسل اور اہم سفارتی معاملات میں تجربہ کار قیادت برقرار رکھنے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
