
نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی لوک سبھا میں لیڈر آف دی اپوزیشن اور کانگریس پارٹی کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے بھارتی تعلیمی نظام پر سخت تنقید کی اور اس نظام کو دھاندلی زدہ اور مہنگا قرار دے دیا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ہم طلباء کے احساسات اور کوششوں سے سو فیصد متفق ہیں، طلباء کے ساتھ کچھ روز پہلے جو کچھ کیا گیا اس کے نتائج تو ہونے ہیں۔ ہمارا تعلیمی نظام نہ صرف دھاندلی زدہ بلکہ ناقابل برداشت حد تک مہنگا ہوچکا، داخلوں کے امتحان کیلئے سرکاری تعلیمی بجٹ جتنی رقم ہی خرچ کرنی پڑتی ہے۔ داخلوں کے امتحان کیلئے اتنا زیادہ خرچہ خاندانوں سے لوٹ مار کرنا ہے۔ اتنی رقم بٹور کر پھر طلبا ءکو بتاتے ہیں کہ پرچہ لیک ہوگیا ہے، ہمارے نوجوانوں کے سڑکوں پر نکلنے کی یہ وجہ بالکل جائز ہے۔
