
چلاس(ڈیلی پاکستان آن لائن)تھور کے علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلاب نے تباہی مچادی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق تھور میک میں مقامی مسجد بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی جبکہ تھور اینگر میں خشک پہاڑی سے اچانک آنے والے سیلابی ریلے سے شدید نقصان ہوا ہے۔
سیلابی ریلے میں ایک رہائشی مکان، قیمتی سامان ، مال مویشی اور گاڑی بہہ گئی، گولڈ پلیسر کے ذریعے نکالا گیا تقریباً 200گرام سونا اور نقد رقم بھی سیلاب کی نذر ہو گیا، علاوہ ازیں سیلابی ملبہ رہائشی گھروں میں داخل ہونے کے باعث تھور کا رابطہ سڑک منقطع ہو گیا ہے۔
تھور شیتن اور تھور میک سمیت متعدد مقامات پر سیلابی ریلے کھیتوں میں داخل ہو گئے جس کے باعث کھڑی فصلوں اور زرعی زمینوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مقامی لوگوں کی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم رابطہ سڑکیں منقطع ہونے سے مقامی آبادی اور امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔
