
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) شہرِ قائد کے علاقے مچھر کالونی میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی پر گولی چلانے کے بعد زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ میاں بیوی کے درمیان ہونے والے شدید جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا۔ جھگڑے کے دوران جاوید نامی شخص نے طیش میں آ کر پہلے اپنی بیوی پر فائرنگ کی اور پھر اسی اسلحے سے خود کو گولی مار لی۔
واقعے کے نتیجے میں جاوید موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کی بیوی شدید زخمی ہوئی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نوشہروفیروز کے پڈعیدن سٹیشن کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ٹرین کی زد میں آنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔
ریلوے پولیس کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والے متوفی نوجوان کا تعلق باگڑی برادری سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور حادثے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
