
گلگت(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے ، ریاستی اداروں پر حملے کرنے والے مسئلے حل نہیں کر سکتے،جمہوریت کا لبادہ پہن کر پاکستان کے بڑے شہروں کو کھنڈر بنانے والے آپ کے مسئلے حل نہیں کر سکتے ،گلگت بلتستان کو لاہور اور پنجاب جیسی ترقی دینی ہے تو فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔
گلگت بلتستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہاکہ گلگت کے غیورعوام نے اپنا خون دے کر اس خطے کو آزادی دلوائی،یہ خطہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہے،گلگت بلتستان کے عوام محنتی اور جفاکش ہیں،ہم گلگت بلتستان کے حقوق کا مقدمہ لڑیں گے،ہم اس علاقے کی محرومیوں کو دور کریں گے،گلگت بلتستان کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے،ان کاکہناتھا کہ تارے توڑ کر لانے والے وعدے سچے نہیں،ایسی پالیسی بنانا ہو گی کہ جی بی میں سرمایہ کاری ہو۔
