
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق کے حوالے سے رپورٹ تیار کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے خلاف تاحال کوئی رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔
نجی ٹی وی چینل ’’ دنیا نیوز‘‘ کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امام الحق سے متعلق رپورٹ تیار کیے جانے کی خبریں درست نہیں اور ایسی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈریسنگ روم لیکس اور دیگر معاملات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم اس مرحلے پر کسی بھی کھلاڑی کے خلاف رپورٹ تیار نہیں ہوئی۔
اس معاملے میں کھلاڑیوں کے موبائل فونز کے فرانزک سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم پی سی بی نے واضح کردیا ہے کہ فی الحال کسی بھی کھلاڑی کے خلاف کوئی رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔
دوسری جانب محمد رضوان بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کررہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس معاملے پر نیوز کانفرنس کرسکتے ہیں۔
