
کراچی(ڈیلی پاکستانن آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اور باصلاحیت میزبان و اداکار توثیق حیدر اور اداکارہ فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی زیرِ گردش خبروں کی حقیقت بیان کر دی۔
حال ہی میں فرح سعدیہ اور توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ بعض یوٹیوبرز محض زیادہ ویوز اور سنسنی پھیلانے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں نشر کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ تو ہم خوشی خوشی شادی کر چکے ہیں، ہم خود یہ خبر آپ تک پہنچانا چاہتے تھے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے نام نہاد پیشہ ور اور نہایت محنتی یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر بریک کر دی۔
فرح سعدیہ نے بھی اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ خبر سن کر حیران رہ گئی، مجھے یقین ہی نہیں آیا، انہیں ہمیں بھی سلامی دینی چاہیے کیونکہ وہ ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں چلا کر اپنے چینلز چلا رہے ہیں، یہ مناسب طرزِ عمل نہیں ہے۔ ہماری فیملیز، بچے اور والدین ہیں اور لوگ ہم سے اس حوالے سے سوالات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدارا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، دوسروں کی ذاتی زندگیوں کے بجائے اپنی زندگی پر زیادہ توجہ دیں، ہم اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے۔
